فیس بک کا صحافت سے متعلق منصوبوں پر 30 کروڑ ڈالر خرچ کرنے کا اعلان

Last Updated On 18 January,2019 12:07 pm

کیلی فورنیا: (ویب ڈیسک) معروف سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک صحافت کو بچانے میدان میں آ گئی، مقامی خبروں سے متعلق منصوبوں پر 30 کروڑ ڈالر خرچ کرنے کا اعلان کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فیس بک گلوبل نیوز پارٹنرشپ کے نائب صدر کیمپ بیل براون نے بتایا کہ فیس بک انتظامیہ نے ڈیجیٹل دور سے مقامی خبروں کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے متعدد منصوبوں کا فیصلہ کیا ہے جن پر اگلے 3 سال کے دوران 30 کروڑ ڈالر کی رقم خرچ ہو گی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ فیس بک انتظامیہ کو جعلی خبروں کی ترسیل کے باعث شدید تنقید کا سامنا ہے۔ بھارت میں گذشتہ برس جعلی خبریں پھیلا کر لوگوں کو چور یا اغوا کار قرار دے کر نذر آتش کیے جانے کے واقعات میں تیزی آئی جس کے باعث بھارتی حکومت نے واٹس ایپ اور فیس بک انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ غیر مصدقہ اطلاعات کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

یاد رہے کہ بھارت میں گزشتہ جون اور جولائی 2018 کے درمیانی عرصے میں مشتعل ہجوم نے 20 افراد کو قتل کیا۔