کیلیفورنیا: (روزنامہ دنیا) اب فون کے بائیو میٹرک سکیورٹی فیچرز کو چہرے (فیس) اور ٹچ آپشن کے ذریعے کھولا اور بند کیا جاسکتا ہے۔ اس سہولت کے سبب صارف کا موبائل فون کھلا ہونے کے باوجود کوئی دوسرا شخص واٹس ایپ میسجز نہیں پڑھ سکے گا۔
فی الحال یہ آپشن آئی فون کے ایسے ماڈلوں کیلئے دستیاب ہے جو آئی او ایس استعمال کرتے ہیں۔ تاہم اینڈرائیڈ فونز کیلئے بھی یہ سہولت جلد دستیاب ہو سکے گی۔ نائن ٹو فائیو نامی ویب سائٹ نے سب سے پہلے اس کی خبر دی ہے جو واٹس ایپ کے ورژن 2.19.20 میں موجود ہے۔ اکاؤنٹ سیٹنگز میں جاکر پرائیویسی مینو میں تبدیلی کر کے اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اس طرح کھلے ہوئے فون کے باوجود بھی لوگ آپ کے واٹس ایپ کو کھولنے سے قاصر رہیں گے تاہم نوٹیفکیشنز سیٹنگ میں قباحت موجود ہے کیونکہ واٹس ایپ لاک ہونے کے باوجود میسیجز کو پڑھا اور جواب بھی بھیجا جا سکتا ہے۔