گاجر کا استعمال آنکھوں کی بینائی اور جگر کیلئے انتہائی مفید

Last Updated On 04 March,2019 10:01 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) گاجر کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی فائدہ مند ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ آنکھوں کی بینائی، خون پیدا کرنے اور جگر کیلئے گاجر کا استعمال مفید ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گاجر کا جوس اور حلوہ انتہائی لذیذ اور ذائقہ دار تو ہوتا ہی ہے مگر ڈاکٹر ز کا کہنا ہے کہ گاجر انسانی صحت کیلئے انتہائی فائدہ مند ہیں۔ آنکھوں کی بینائی کو بہتر بنانے کے علاوہ جگر اور خون پیدا کرنے کیلئے گاجر مفید ہے۔ ان دنوں گاجر سستے داموں عام مارکیٹ میں فروخت کی جا رہی ہے اور بڑی تعداد میں گاجر کے خریدار بھی موجود ہیں۔ گھروں اور بازاروں میں گاجر کا حلوہ جہاں استعمال کیا جارہا ہے وہیں اس کا جوس بھی فروخت کیا جا رہا ہے۔

گاجر کو کرشماتی مشروب بھی کہا جاتا ہے جو بڑوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے بچوں کیلئے بھی صحت کا خزانہ ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ورزش کرنے والے نوجوان گاجر کے جوس کا زیادہ استعمال کریں، اس سے ان کی ضائع ہونے والی انرجی بحال ہو گی اور وہ تھکاوٹ کا شکار ہونے سے بھی بچیں گے۔

ایک تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ گاجر ہر عمر کے فرد کیلئے مفید ہے اس کے کسی بھی صورت مضر اثرات نہیں ہو سکتے، گاجر خون کی افزائش کا باعث بھی بنتی ہے اور مختلف بیماریوں کیخلاف ڈھال کا کام کرتی ہے۔