کینسر کیخلاف جسمانی مدافعت بڑھانے والی موثرویکسین تیار

Last Updated On 15 April,2019 11:21 pm

نیویارک(نیٹ نیوز)کینسر کے علاج میں امیونوتھراپی ایک نیا ابھرتا ہوا علاج ہے، اب سائنسدانوں نے اس ضمن میں ایک نیا طریقہ وضع کیا ہے جس میں ٹیکے کے ذریعے مریض کے اندرکچھ رسولیاں داخل کی جاتی ہیں جن میں تحریک دینے والے بعض کیمیکلز بھی ہوتے ہیں۔اس تجرباتی طریقے میں جسم کا اندرونی دفاعی نظام بیدارہوجاتا ہے اور آگے بڑھ کے سرطانی لوتھڑوں کو تباہ کرنا شروع کردیتا ہے۔

ایک طرح کے کینسر’’نان یاجکنز لمفوما‘‘ کے علاج میں حوصلہ افزا رپورٹ ملی ہے جبکہ دیگر سخت جان کینسر پر اس ویکسین کی آزمائش جاری ہے۔ اس طرح خود سرطانی رسولیاں بھی کینسر ویکسین فیکٹریوں میں تبدیل ہوجاتی ہیں کیونکہ اس عمل میں جسم کے دفاعی خلیات کینسر والی جگہوں پر خود جاکرحملہ کرتے ہیں جسے طب کی زبان میں ’’ان سیٹو ویکسینیشن‘‘ کہا جاتا ہے۔

یہ تحقیق نیویارک میں واقع ماؤنٹ سینائی ہسپتال کے سائنسدانوں نے کی ہے جس میں ٹی سیل ازخود کینسر کے خلیات کو تباہ کرتے ہیں۔ کاغذات میں تو خون کے سفید خلیات کینسر کو تباہ کرسکتے ہیں لیکن ان خلیات کو کیمیائی طور پر مسلح کرنا ہوتا ہے تاہم ٹی سیل کو سرطانی سیلز کی شناخت کے قابل بنانا اتنا آسان ہرگز نہیں ۔