لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک اور واٹس ایپ سروسز ڈھائی گھنٹے معطل رہنے کی وجہ سے صارفین کو رابطوں میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ انسٹاگرام استعمال کرنے والے بھی سہولت سے محروم رہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک اور واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا سائٹس بند ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا رہا۔ انسٹا گرام صارفین بھی اس عالمی بریک ڈاؤن سے متاثر ہوئے جس کے بعد واٹس ایپ ڈاؤن دنیا بھر میں ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹس فیس بک، واٹس ایپ اور انساٹاگرام کی سروسز دنیا کے مختلف ممالک میں اچانک بند ہوگئی تھیں جس کے نتیجے میں صارفین کو پوسٹ اپ لوڈ کرنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ سوشل میڈیا سائٹس تکنیکی وجوہات کی وجہ سے معطل ہوئی تھیں۔
صارفین جیسے ہی کوئی تصویر یا ویڈیو شیئر کرنے کی کوشش کرتے تو صارف کو پیغام ملتا کہ آپ اس وقت تصویر یا ویڈیو شیئر نہیں کر سکتے۔ صارفین فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا سروسز متاثر ہونے سے متعلق ٹویٹر پر رپورٹ کر رہے تھے۔