دبئی: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں سوشل میڈیا کا استعمال جہاں تیزی سے بڑھ رہا ہے وہاں پر حکومتوں کی طرف سے سوشل میڈیا کی ’نگرانی‘ کے لیے سخت قانون بنائے جا رہے ہیں، اسی طرح کی ایک خبر ابو ظہبی سے آئی ہے جہاں پر سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد شیئر کرنے پر مقامی عدالت نے 3 سری لنکن سکیورٹی گارڈز کو 5.5 لاکھ درہم (بالترتیب تقریباً 6 کروڑ 30 لاکھ روپے) کا جرمانہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’خلیج ٹائمز‘‘ کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کی عدالت نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر دین اسلام سے متعلق توہین آمیش مواد شائع کرنے پر پائیو سٹار ریزوٹ کے 3 سیکیورٹی گارڈز کو سزا سنائی ہے۔
دبئی کے پبلک پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان، جن کی عمریں 28 سے 34 برس کے درمیان ہے، نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک اور انسٹاگرام پر مذہب کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں۔
دبئی کورٹ نے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو جرمانے کی ادائیگی کے بعد ملک بدر کرنے کا حکم دے دیا۔
عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملزمان کو پولیس نے ریزوٹ سے گرفتار کرکے، موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر چیزیں ضبط کرلی تھیں۔
مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملزمان نے دوران تفتیش فیس بک اور انسٹاگرام پر اسلام کی توہین کرنے کا اعتراف کیا تھا۔