سمندروں کی صفائی کرنے والا منفرد آلہ تیار کر لیا گیا

Published On 09 October,2020 11:12 am

ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) آٹو موبائل کمپنی سوزوکی نے سمندری آلودگی میں کمی کیلئے ایک ایسا آلہ تیار کیا ہے جو سمندر سے پلاسٹک کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے صاف کر سکے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آلہ کشتیوں کے باہر نصب موٹر کو مائیکرو پلاسٹک جمع کرنے کے قابل بناتا ہے۔ مائیکرو پلاسٹک دراصل پلاسٹک کے ایسے ننھے ننھے ٹکڑے ہوتے ہیں جو ہر قسم کے فلٹر پلانٹ سے بھی بآسانی گزر جاتے ہیں اور جھیلوں اور دریاؤں میں شامل ہو جاتے ہیں جہاں سے یہ سمندری حیات کیلئے خطرہ بن جاتے ہیں۔ 

کمپنی سمندری پانی کو پلاسٹک فضلے سے صاف کرنے کیلئے کافی عرصے سے تحقیق کر رہی تھی، بحری جہازوں اور کشتیوں کے باہر لگی موٹریں انجنوں کو ٹھنڈا رکھنے کیلئے ہزاروں گیلن پانی سمندر میں خارج کر دیتی ہیں جس میں ممکنہ طور پر پلاسٹک کے انتہائی باریک ذرے ہو سکتے ہیں جو سمندری حیات خوراک کے ساتھ ہی نگل لیتی ہے اور بعد ازاں موت کا شکار ہو جاتی ہے۔

نیا آلہ بحری جہازوں کے پمپس سے خارج ہونے والے پانی کو نہ صرف فلٹر کرے گا بلکہ پانی میں موجود کچرے کو بھی جمع کرے گا۔ کمپنی کے مطابق محض کشتی چلانے سے بھی پانی کے ارد گرد کی سطح پر مائیکرو پلاسٹک کے ذرے جمع ہو جاتے ہیں جن کو یہ آلہ جمع کرے گا۔

ماہرین نے چند روز قبل اس آلے کی آزمائش بھی کی جس نے مائیکروپلاسٹک کے علاوہ کائی اور ریت بھی جمع کی، کمپنی اس آلے کو آئندہ برس فروخت کیلئے مارکیٹ میں لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
 

Advertisement