اٹالین کمپنی دوکاٹی نے ریڈار ٹیکنالوجی سے لیس موٹر سائیکل متعارف کرا دی

Published On 08 October,2020 09:33 pm

روم: (ویب ڈیسک) اٹلی کی مشہور کمپنی دوکاٹی نے ایسی جدید موٹر سائیکل متعارف کرائی ہے جس میں ٹیکنالوجی سے لیس ریڈار کو نصب کیا گیا ہے۔

دوکاٹی کی اس نئی موٹر سائیکل میں کامپکیٹ وی 4 انجن دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریڈار کا مقصد ڈرائیور کو تحفظ فراہم کرنے کیساتھ ساتھ ممکنہ حادثوں سے بچانا ہے۔

جدید ٹیکنالوجی کا حامل یہ ریڈار سسٹم ڈرائیور کو تیز رفتاری سے اپنی جانب بڑھنے والی گاڑیوں کے بارے میں پیشگی آگاہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دوکاٹی کمپنی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جیسے ہی موٹر سائیکل 30 کلومیٹر کی رفتار عبور کرے گی، یہ جدید ریڈار سسٹم کام کرنا شروع کر دے گا۔

خیال رہے کہ ریڈار ایک ایسا برقی سسٹم ہے جس میں برقی مقناطیسی لہروں کا استعمال کرکے کسی سیٹلائیٹ یا دیگر چیزوں کا وقوع معلوم کیا جاتا ہے۔ ریڈار سسٹم میں ایک ٹرانسمیٹر ہوتا ہے جو ریڈیو ویوز کو ایک خصوصی جانب بھیجتا ہے جس پر ویوز یا لہریں کسی جسم سے ٹکراتی ہیں تو یا منعکس ہوتی ہیں یا یہ بکھر جاتی ہیں۔

ریڈار کی لہریں برقی موصل اجسام سے اچھی طرح منعکس ہوتی ہیں جیسے کہ دھاتوں، سمندری پانی اور گیلی زمین سے۔ جو لہریں واپس ریڈار کی طرف آتی ہیں، وہ کارآمد ہوتی ہیں۔

اگر جسم ریڈار کی طرف یا ریڈار سے دوسری جانب حرکت کررہا ہو تو ریڈار کی لہروں کی فریکیونسی میں معمولی فرق آجاتا ہے، جسے ڈوپلر افیکٹ t کی بدولت فرق جانا جاتا ہے۔

ریڈار سے بھیجے گئے سگنل خاصے طاقت ور ہوتے ہیں جبکہ موصول شدہ سگنل خاصہ کمزور ہوتا ہے جو الیکٹرک ایمپلیفائر سے بڑھا کر کام میں لایا جاتا ہے۔

برقی سگنل کے بھیجے جانے اور واپس موصول ہونے کے دورانیے سے جسم کی دوری کا اندازہ لگایا جاتا ہے اور ڈوپلر ایفیکٹ سے جسم کے حرکت کرنے کی رفتار کو بھی جانا جاتا ہے۔

ریڈار کے سگنل کیلئے ایسی فریکونسی کا انتخاب کیا جاتا ہے جو دُھند، برف باری، بارش وغیرہ سے متاثر نہ ہو۔ جو ریڈار موسمی حالات کا پتا لگانے کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔

ان کی فریکونسی ایسی ہوتی ہے جو موسمی حالات سے متاثر ہوتی ہیں۔ آج کل دفاعی مقاصد کے علاوہ موسمی تغیرات اور سڑکوں پر تیز رفتار گاڑیوں کی شناخت کرنے کیلئے بھی ریڈار کا استعمال زیادہ سے زیادہ ہوتا جا رہا ہے۔

 

Advertisement