وزیراعظم کا انفارمیشن ٹیکنالوجی کیلئے ہر ممکن تعاون کی فراہمی کا عزم

Published On 09 October,2020 09:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان تعلیم یافتہ افراد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھرپور صلاحیتیں رکھتے ہیں اور ان کی حکومت نے اس شعبے میں ہرممکن تعاون کی فراہمی کا عزم کر رکھا ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تعمیرات اور ملکی ترقی خاص طور سے جدیدیت کے شعبوں میں نوجوانوں کی شرکت کی یقینی بنانے کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی بہت اہم ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ماضی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کو نظر انداز کئے جانے کے باوجود ہمارے نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ اس شعبہ کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں، چیئرمین این آئی ٹی بی (نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ) سیّد شباہت علی شاہ، عامر ہاشمی، وائس چانسلر آئی ٹی یو ڈاکٹر سرفراز خورشید، شباہت رفیق اور چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور نے شرکت کی۔

اجلاس میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ خصوصاً گلوبل چِپ ڈیزائن انڈسٹری کے شعبے میں ملکی نوجوانوں کی استعدادِ کار کو بروئے کار لانے کے حوالہ سے تجاویز اور اقدامات کے حوالے غور کیا گیا۔

وزیرِاعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملک کی نوجوان آبادی اور تعلیم یافتہ افراد میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ہماری نوجوان آبادی ملک کا اصل اثاثہ ہے۔ ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے بھرپور حصہ ڈالنے کے لئے ضروری ہے کہ جدید شعبوں میں ان نوجوانوں کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سرکاری سطح پر اس شعبے کی معاونت کے لئے پرعزم ہے اور اس ضمن میں ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ وزیرِاعظم نے چیئرمین این آئی ٹی بی کو ہدایت کی کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے مفصل حکمت عملی اور روڈ میپ تشکیل دیا جائے۔
 

Advertisement