وزیراعظم کا پاکستان میڈیکل کمیشن کی آن لائن سروس کا اجرا

Published On 15 April,2021 08:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیکل کمیشن آن لائن منصوبہ صحت کے نظام کے لئے ایک بڑا قدم ہوگا۔

تفصیل کے مطابق پی ایم سی آن لائن صحت کے شعبے سے وابستہ معالجین کو صحت کے حوالے سے تعلیم اور علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانے کی کاوشوں میں پیشرفت کے بارے میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔

وزیراعظم کا پی ایم سی آن لائن سسٹم کے افتتاح کے موقع پر کہنا تھا کہ یہ نظام صحت کے شعبہ کو 21 صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرے گا۔

وزیر اعظم نے پی ایم سی آن لائن سسٹم کے اجرا پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس جدید نظام سے میڈیکل کالجز کی کارکردگی بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایم سی نظام اکیسویں صدی میں اپنے صحت کے نظام کو لے جانے میں اہم پیشرفت ثابت ہوگی۔ پہلی بار ریگولیٹر کے سامنے ڈاکٹر، طالبعلم پیش کر دیئے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں میڈیکل کالجز کی اب تک کی کارکردگی نیچے جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ریگولیٹر کا کام نہیں ہو رہا تھا۔ افرادی قوت کا معیار پست ہورہا تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کے میڈیکل کالجز کی ایک ساکھ تھی،تاہم آہستہ آہستہ دنیا نے ہماری ڈگریاں ہی مسترد کرنا شروع کردیں،تب بڑی وجہ ریگولیٹرزکا نہ ہونا تھا،اب ریگولیٹر نے کام شروع کیا یہ ہمارے ملک کے لئے اہم قدم ہوگا،اس شعبہ کا تعلق براہ راست عوام کی زندگیوں سے ہے اس لئے اس میں کوتاہی نہیں کر سکتے،انہیں ریگولیٹ کرنا ضروری ہے۔