لاہور: (ویب ڈیسک) ٹوئٹر کے مقابلے کیلئے میٹا نے انسٹاگرام پر ٹیکسٹ پوسٹ شیئر کرنے سمیت گروپ چیٹس کے علاوہ چند مزید فیچر متعارف کرادئیے۔
انسٹاگرام پر متعارف ہونے والا سب سے اہم ٹیکسٹ پوسٹ فیچر ہے جو کہ ٹوئٹر سے ملتا جلتا ہے۔ ٹیکسٹ پوسٹ کے ذریعے انسٹاگرام صارفین 60 الفاظ پر مشتمل کوئی بھی پوسٹ کر سکیں گے۔ اب پہلی بار ہوگا کہ انسٹاگرام پر ویڈیو یا تصویر کے بغیر الفاظ کی پوسٹ شیئر ہوگی۔
انسٹاگرام کا یہ فیچر ٹوئٹر سے ملتا جلتا ہے، تاہم یہ ٹوئٹ کی طرح کام نہیں کرے گا بلکہ یہ انسٹاگرام یا فیس بک کی سٹوریز کی طرح ہی کام کرے گا۔ صارفین ٹیکسٹ پوسٹ کو پبلک پوسٹ کے طور پر شیئر نہیں کر سکیں گے بلکہ انکی پوسٹ صرف ان افراد کو ہی نظر آئے گی، جنہوں نے صارف کو اور صارف نے ان کو فالو کر رکھا ہوگا۔
ٹیکسٹ پوسٹ فیچر انسٹاگرام کے مین پیج پر نظر نہیں آئے گی بلکہ وہ سٹوری کی طرح انباکس کے اوپر صارف کے ان فالوورز کو نظر آئے گی، جنہیں خود صارف نے بھی فالو کر رکھا ہوگا۔ پوسٹ سٹوریز کی طرح 24 گھنٹے کے دوران خود بخود غائب ہوجائے گی۔
انسٹاگرام نے جو دوسرا دلچسپ فیچر متعارف کرایا ہے، اسے ’گروپ پروفائل‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ایک طرح سے فیس بک گروپس کی طرح ہوگا، یعنی انسٹاگرام پر ہی ایک گروپ بنایا جائے گا، جس میں گروپ بنانے والا اور اس کے چند دیگر دوست چیزیں شیئر کر سکیں گے۔
We’re announcing new features and tests on @instagram:
— Meta Newsroom (@MetaNewsroom) December 13, 2022
Share what’s on your mind with Notes
Capture candid moments daily
Create shared profiles with friends
and more: https://t.co/XTfCfaxGsc pic.twitter.com/ZtFxywuUxH
گروپ پروفائل میں شیئر کی جانے والی چیزیں صرف ان افراد کو ہی نظر آئیں گی جو اس گروپ کا حصہ ہوں گے جب کہ پوسٹس صارفین کے پروفائل پر بھی پوسٹ نہیں ہوگی بلکہ گروپ پروفائل کا ایک الگ پروفائل بن جائے گا، جہاں تمام پوسٹس نظر آئیں گی۔
علاوہ ازیں انسٹاگرام پر ’کینڈڈ‘ نامی اسٹوریز شیئرنگ کا نیا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت متعدد صارفین گروپ کی شکل میں اسٹوریز شیئر کر سکیں گے، تاہم اس فیچر کے تحت صرف تصاویر یا ویڈیوز ہی شیئر کی جا سکیں گی۔
انسٹاگرام نے Collaborative Collections کا فیچر بھی پیش کیا ہے، جس کے تحت متعدد صارفین انسٹاگرام پر نظر آنے والی ویڈیوز اور تصاویر سمیت پوسٹس کو ایک جگہ پر مشترکہ طور پر محفوظ کر کے دیکھ سکیں گے۔
انسٹاگرام نے مذکورہ فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان کردیا، تاہم یہ فیچرز پاکستان سمیت دیگر ممالک کے صارفین کو آئندہ چند ہفتوں میں دستیاب ہوں گے۔ فوری طور پر ان فیچرز پر امریکا سمیت دیگر ممالک کے محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے۔