کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) دنیا بھر میں مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ نئے نئے فیچرز متعارف کرواتی رہتی ہے اور اب ایپلی کیشن جلد ہی ایک زبردست فیچر پیش کرنے جا رہی ہے جس کے تحت صارفین وائس میسیجز کو تحریر میں تبدیل کر سکیں گے۔
واٹس ایپ اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ویب ایٹ انفو‘ کے مطابق ماہرین نے بعض آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کو مذکورہ فیچر تک رسائی دے دی ہے، جس کے تحت کسی بھی وائس نوٹ کو تحریر میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
فیچر کے تحت جیسے ہی کسی صارف کو وائس نوٹ موصول ہوگا، اس کے نیچے ایک بار میں صارف کو یہ آپشن دیا جائے گا کہ وہ چاہیں تو اسے تحریر میں بھی تبدیل کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر انگریزی، ہسپانوی، اطالوی، روسی، ترک، فرینچ، جرمن، عربی، چینی، جاپانی، پورچوگیزی اور کنٹنیز زبان کے وائس میسیجز کو تحریر میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
فیچر کو رواں برس کے اختتام تک متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔