لندن : ( ویب ڈیسک ) مصنوعی ذہانت کے موجد کے نام سے مشہور ڈاکٹر جیفری ہنٹن نے کہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ( اے آئی ) ماحولیاتی تبدیلی کے مقابلے میں انسانیت کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
جیفری ہنٹن نے حال ہی میں آرٹیفیشل ٹیکنالوجی سے لاحق خطرات کے بارے میں ایک خوفناک وارننگ دیتے ہوئے گوگل کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
جیفری نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک گوگل میں کام کیا اور ایسی ٹیکنالوجی تیار کی جس نے چیٹ جی پی ٹی جیسے موجودہ مصنوعی ذہانت کے نظام کے لیے راہ ہموار کی۔
حالیہ انٹرویو کے دوران جیفری ہنٹن کا کہنا تھا کہ میں یہ نہیں کہتا کہ آپ کو موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں فکر نہیں کرنی چاہیے، یہ بھی ایک بہت بڑا خطرہ ہے ، لیکن مجھے لگتا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس زیادہ بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے یہ تجویز کرنا بہت آسان ہے کہ آپ کو کیا کرنا چاہیے، آپ صرف کاربن کو جلانا بند کر دیں، اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو بالآخر چیزیں ٹھیک ہو جائیں گی لیکن ’ اے آئی ‘ کے لیے یہ بالکل واضح نہیں ہے کہ آپ کو کیا کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ جیفری ہنٹن مصنوعی ذہانت کے متعلق خطرے کی گھنٹی بجانے والے پہلے شخص نہیں ہیں۔
حالیہ مہینوں میں دو بڑے واضح خطوں میں ’معاشرے اور انسانیت کے لیے سنگین خطرات‘ کے متعلق متنبہ کیا گیا تھا جن پر بہت سے ایسے لوگوں کے دستخط تھے جنہوں نے اسے بنانے میں مدد کی۔