نیو یارک: (ویب ڈیسک) گوگل نے اپنے پہلے فولڈ ایبل فون کی ٹیزر ویڈیو جاری کر دی ہے۔
گوگل کی جانب سے اس نئے فولڈ ایبل فون کی ٹیزر ویڈیو یوٹیوب پر جاری کی گئی ہے اور اس فون کو “ پکسل فولڈ “کا نام دیا گیا ہے، ٹیزرویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے فولڈ فون کا بیرونی ڈسپلے دکھائی دے رہا ہے، اس کے کھلنے کا انداز سام سنگ کے گیلکسی زیڈ فولڈ جیسا ہی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ٹیکنالوجی کی بعض ویب سائٹ نے کہا تھا کہ گوگل پکسل فولڈ کی سکرین 5.8 انچ ہوگی جبکہ کھل کر یہ 7.6 وسیع ٹیبلٹ بن جائے گا، اس میں گوگل ٹینسر جی ٹو پروسیر نصب ہوسکتا ہے جبکہ وزن 10 اونس اور فولڈ ہونے والی کریز (ہنج) کو سب سے بہتر بنایا گیا ہے اور اس کی تعارفی قیمت 1700 ڈالر کے لگ بھگ ہوسکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق گوگل کی جانب سے اس فون کو 10 مئی کو گوگل آئی او کانفرنس 2023 میں پیش کیا جائے گا جس کے دو ماڈل بنائے گئے ہیں، عملی طور پر اس کی کوئی تفصیل جاری نہیں گئی، لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کا احوال پریس کانفرنس میں پیش کیا جائے گا۔
ویڈیو میں فون کی اندرونی سکرین پر کوئی کیمرا نظرنہیں آ رہا جس سے عندیہ ملتا ہے کہ گوگل کے جانب سے کیمرے کو ڈسپلے کے اندر نصب کیا جا سکتا ہے، یہی تفصیلات ہیں جن کی پہلے خبر دی جا چکی تھی۔
واضح رہے کہ گوگل کی جانب سے یہ فون 2022 میں متعارف کرایا جانا تھا مگر پھر اس منصوبے پر کام روک دیا گیا تھا، شاید اس کا اعلان ابھی ہوجائے لیکن فولڈ فون کی فروخت سال کے آخر تک ہی ممکن ہو سکتی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ گوگل نے اپنے ڈویلپر سے کہا ہے کہ وہ بڑی سکرین والے فون کیلئے ایپس اور گرافک انٹرفیس تیار کرے۔
گوگل اس سال کے آخر تک اپنے نئے ٹیبلٹ بھی پیش کرے گا جنہیں گوگل پکسل ٹیبلٹ کا نام دیا گیا ہے۔