لندن: (ویب ڈیسک) ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی جعلی آواز کے سبب ہونے والی دھوکا دہی کے واقعات میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔
جعلساز مصنوعی ذہانت کی مدد سے اپنے شکار کی سوشل میڈیا پروفائل سے آواز چرا کر صرف 3 سیکنڈ کے ٹکڑے سے دھوکے کیلئے اس کی نقل بنا سکتے ہیں، اس نقلی آواز کو استعمال کرتے ہوئے جعلساز اپنے شکار کے دوست یا کسی رشتے دار کو فون کرتے ہیں اور یہ باور کراتے ہیں کہ وہ کسی مشکل میں ہیں اور فوری پیسوں کی ضرورت ہے۔
سائبر سکیورٹی سپیشلسٹ میکافی کے مطابق برطانیہ میں ہر چار میں سے ایک شخص خود یا اس کا کوئی جاننے والا اس قسم کی جعلسازی کا شکار بن چکا ہے، یہ نقلی آواز اصل سے اتنی قریب ہوتی ہے کہ اکثریت اس جھانسے میں آ کر اپنے پیسے گنوا بیٹھتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت نے سائبر مجرمان کیلئے کھیل بدل کر رکھ دیا ہے، جعلسازی کے لئے مطلوبہ سافٹ ویئر انٹرنیٹ پر بآسانی دستیاب ہیں۔