کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر پہلی بار ’یوزر نیم‘ فیچر کی محدود آزمائش شروع کر دی گئی۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق محدود صارفین کو ایک نئے فیچر تک آزمائشی بنیادوں پر رسائی دی گئی ہے، جس کے تحت وہ اپنے اکاؤنٹ میں ’یوزر نیم‘ شامل کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ابھی محدود صارفین کو ایک لنک تک رسائی دی گئی ہے، جس کے ذریعے وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ پر ’یوزر نیم‘ ریزرویشن کرا سکیں گے، یعنی فیچر کے تحت صارفین اب اپنی پسند کا صرف یوزر نیم منتخب کر سکیں گے، اگلے مرحلے میں مذکورہ فیچر کی آزمائش کو بڑھایا جائے گا۔
فیچر کی آزمائش کو بڑھائے جانے کے بعد صارفین کو اپنے اکاؤنٹ میں ’یوزر نیم‘ شامل کرنے کا آپشن فراہم کیا جائے گا، جس کے بعد صارفین اپنی مرضی کے مطابق سکرین پر نمبر کی جگہ یوزر نیم کو رکھ سکیں گے۔
فیچر کے تحت صارفین کا فون نمبر دوسرے صارفین سے چھپ جائے گا اور دوسرے افراد کو صرف یوزر نیم ہی نظر آئے گا۔
اس نئے فیچر کے تحت ہر صارف کو ایک منفرد یوزر نیم منتخب کرنے کا موقع ملے گا، جو حروف اور اعداد پر مشتمل ہوسکتا ہے، یوزر نیم کے ذریعے رابطہ کرنے کی صورت میں صارفین کو اپنا فون نمبر ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے ان کی پرائیویسی برقرار رہے گی۔
صارفین صرف یوزر نیم کے ذریعے دوسروں کو تلاش کر سکیں گے، جس سے رابطے کا عمل مزید آسان ہوجائے گا۔