ایکس اے آئی نے وکی پیڈیا کے مقابلے پر گروکی پیڈیا متعارف کرا دیا

Published On 28 October,2025 08:06 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے وکی پیڈیا کے مقابلے میں آن لائن انسائیکلوپیڈیا گروکی پیڈیا متعارف کرا دیا ہے۔

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی گروکی پیڈیا دیکھنے میں بہت حد تک وکی پیڈیا جیسا ہی ہے، اس کا ورژن 1 ابھی وکی پیڈیا کی طرح کافی سادہ سا ہے، اس کے ہوم پیج پر ایک بڑی بار ہے اور اس میں کی جانے والی انٹریز بھی وکی پیڈیا انٹریز سے ملتی جلتی نظر آتی ہیں۔

وکی پیڈیا میں صارفین کو پیجز ایڈٹ کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے مگر گروکی پیڈیا میں یہ فیچر ابھی موجود نہیں۔

ایلون مسک کی جانب سے کافی عرصے سے وکی پیڈیا پر تنقید کی جا رہی تھی اور وہ گروکی پیڈیا کو زیادہ خودمختار اور سچائی پر مبنی متبادل قرار دیتے ہیں۔

اس آن لائن انسائیکلوپیڈیا میں ایکس اے آئی کے اے آئی چیٹ بوٹ گروک کو شامل کیا گیا ہے جسے رئیل ٹائم ڈیٹا سے تربیت دی گئی، پلیٹ فارم کے آغاز میں اس میں 8 لاکھ 85 ہزار سے زائد مضامین موجود تھے اور بظاہر ان کا بڑا حصہ براہ راست وکی پیڈیا سے ہی نقل کیا گیا ہے۔

درحقیقت کچھ مضامین کے نیچے ہی لکھا ہے کہ یہ مواد وکی پیڈیا سے لیا گیا، دوسری جانب وکی پیڈیا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گروکی پیڈیا کو ابھی وکی پیڈیا کی ضرورت ہے۔