کراچی 3 کروڑ آبادی کا شہر ہے، یہاں میٹا کا پہلا دفترقائم ہونا چاہئے: گورنر سندھ

Published On 30 October,2025 06:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی 3 کروڑ آبادی کا شہر ہے، یہاں میٹا کا پہلا دفترقائم ہونا چاہئے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے میٹا کے وفد کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ میٹا ہمارے ساتھ مفاہمتی یادداشت ایم او یو پردستخط کرے تاکہ طلبہ و اساتذہ کی تربیت کو فروغ دیا جاسکے۔

ڈائریکٹر میٹا نے کہا کہ گورنر انیشیٹوز کے تحت جدید آئی ٹی کورسز کی مفت فراہمی قابلِ تقلید اور شاندار قدم ہے، میٹا کے وفد نے گورنر انیشیٹوز کے تحت قائم آئی ٹی مارکی کا دورہ کیا اور طلبہ و طالبات سے ملاقات کی۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان 24 کروڑ کی آبادی کا ملک ہے لیکن یہاں میٹا کا کوئی دفتر نہیں، ہمارا ہدف آئی ٹی ایکسپورٹس کو 40 ملین سے بڑھا کر 40 بلین ڈالر تک پہنچانا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے میٹا کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔