بیجنگ: (ویب ڈیسک) 52 سالہ زونگ ہر روز اپنے اطراف کی سڑکوں پر کچرا تھامنے والے خاص شکنجے سے کوڑا اٹھاتے نظر آتے ہیں اور یہ سلسلہ تین سال سے جاری ہے۔
چین میں ایک کروڑ پتی ممتاز شخصیت اکثر سڑکوں پر کوڑا کرکٹ جمع کرتے دکھائی دیتی ہے۔ اس شخص کا نام زونگ کونگرونگ ہے جو چین کے شہر چونگ قنگ کے کامیاب تاجر بھی ہیں۔ اس شخص نے ایک چینی خاتون پروفیسر کو ساحل پر کچرا اٹھاتے ہوئے دیکھا اور اس سے متاثر ہو کر اس نے بھی سڑکوں سے کوڑا اٹھانا شروع کر دیا۔
زونگ کونگرونگ تین برس سے سڑکوں سے کوڑا اٹھا رہے ہیں تاہم زونگ کے اس عمل پر شدید تنقید بھی کی جارہی ہے ۔ سوشل میڈیا پر زونگ کی تصاویر وائرل ہونے کےبعد لوگوں نے کہا ہے کہ وہ دولت مند ہیں اور رئیل اسٹیٹ کاروبار کے بادشاہ ہیں لیکن ان کے اس عمل کا مقصد صرف شہرت اور توجہ حاصل کرنا ہے۔
زونگ نے اس تنقید کی پرواہ نہیں کی اورجب بھی انہیں وقت ملتا ہے وہ کچرا اٹھانے میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ پہلے پہل زونگ کے گھروالے بھی ان کے اس عمل پر شرمندہ تھے لیکن دھیرے دھیرے وہ اس کے عادی ہوگئے۔ لیکن اس کا اثر یہ ہوا کہ لوگ شرمندہ ہونے لگے اور باہر کوڑا پھینکنا بند کردیا اور اب زونگ کی بیوی بھی ان کے مشن میں آگے آگے ہیں۔
زونگ کہتے ہیں کہ چینی عوام کوڑا کرکٹ پھیلاتے ہیں اور اس ضمن میں سخت قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔ یہاں تک کہ زونگ نے اپنے ادارے میں بھی کچرا پھیلانے والوں پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔