لاہور: (روزنامہ دنیا) موسم سرما کے دوران بے گھر افراد کو یخ بستہ سردی سے بچانے کیلئے منفرد ’’ٹینٹ جیکٹ ‘‘تیار کی گئی ہے۔ جو ان کو محفوظ رہائش کے علاوہ سرد موسم کی شدت سے محفوظ رہنے میں بھی مدد دے گی۔
رپورٹ کے مطابق جرمنی کے ڈیزائنر نے ایک ملٹی فنکشنل جیکٹ تیار کی ہے جسے سردی سے بچنے کیلئے پہننے کیساتھ ساتھ رات کو سونے کیلئے ٹینٹ کی شکل بھی دی جاسکتی ہے۔ یہ جیکٹ بے گھر افراد کیلئے بڑی نعمت ہے جو اپنی چھت نہ ہونے کے سبب رات کھلے آسمان تلے گزارنے پر مجبور ہیں۔ سردی کا موسم ان کیلئے کڑا امتحان واقع ہوتا ہے بعض اوقات تو ایسے افراد موسم کی سختیاں جھیلتے موت کی وادی میں اتر جاتے ہیں۔
اس جیکٹ کی تیاری کا عملی مظاہرہ سوشل میڈا پر وائرل ہو رہا ہے جسے اب تک لاکھوں لوگ دیکھ اورشیئر بھی کر چکے ہیں۔ کیمپنگ کے شوقین حضرات نے تو اس جیکٹ کو خصوصی طور پر پسند کیا ہے۔