لاہور: (روزنامہ دنیا) خوشگوار اور صحتمند زندگی کا شعور اُجاگر کرنے کیلئے جنوبی افریقہ میں کلر میراتھن کا انعقاد کیا گیا جس میں شریک سینکڑوں افراد نے دوڑتے ہوئے اپنے ساتھیوں کو دلکش رنگوں میں جی بھر کر نہلایا اور خوب لطف اندوز ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کے شہر پورٹ الزبتھ کے مشہور پارک میں رنگوں کی بہار چھائی رہی اس موقع پر مارچنگ بینڈز اور ڈانسنگ مقابلوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ مقابلے میں حصہ لینے والوں نے جہاں جسمانی صحت و تندرستی کا شعور اجاگر کرنے کیلئے اپنا حصہ ڈالا وہاں ہنسی خوشی زندگی گزارنے اور معاشرے میں خوشیاں بکھیر کر دوسروں کے شب و روز میں رنگ بھرنے کا احساس بھی اجاگر کیا۔
کلر میراتھن میں دوڑ کے علاوہ بینڈ بجانے میں بھی مقامی افراد نے حصہ لیا جو خوبصورت دھنوں سے شائقین کا جی بہلاتے رہے، اس موقع پر بزرگوں، خواتین اور نوجوانوں سمیت بچوں کی بڑی تعداد ایونٹ میں شریک ہوئی۔