ناک میں اُگنے والا دانت آپریشن کر کے نکال دیا گیا

Last Updated On 05 March,2019 01:10 pm

کوپن ہیگن: (روزنامہ دنیا) مسلسل دو سال کی ناک کی تکلیف اور سانس لینے میں مشکل پیش آنے کی اذیت سے دوچار شخص کو اس وقت آرام مل گیا جب ڈاکٹروں نے اس کے نتھنے میں اگنے والے دانت کو نکال باہر کیا۔

ڈنمارک میں 59 سالہ شخص نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ دو برس سے اس کی ناک بہہ رہی ہے اور ناک کا ایک حصہ مسلسل بند ہے جبکہ سونگھنے کی حِس بھی شدید متاثر ہوئی ہے، اگرچہ اوائل عمر میں اس کے چہرے پر شدید چوٹ لگی تھی لیکن ڈاکٹروں نے اسے نظر انداز کرکے اس کے مزید ایکسرے اور ٹیسٹ کئے۔

علاج میں اہم کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر مائلوس فیوگلسینگ نے کہا کہ اس مریض کے ناک میں ایک عرصے سے دانت موجود تھا لیکن اس کا احساس انہیں دیر میں ہوا ہے، نتھنے سے دانت نکالنے کا آپریشن یونیورسٹی آرہس کے ہسپتال میں کیا گیا۔

پہلے مریض کا سی ٹی سکین کیا گیا اور اس کے بعد اینڈوسکوپی سے اس کی سرجری کر کے دانت نکالا گیا۔ واضح رہے کہ یہ ایک نایاب صورتحال ہے۔ 1959 سے 2008 تک دنیا میں ایسے صرف 23 مریض دیکھے گئے ہیں، ماہرین کا خیال ہے کہ کسی چوٹ، پیدائشی نمو میں گڑبڑ اور دیگر کیفیات سے ناک میں دانت اگ سکتا ہے ۔