بھارت میں طوطے افیون کھانے کے عادی ہو گئے

Last Updated On 04 March,2019 09:21 am

ممبئی: (روزنامہ دنیا) بھارت میں پوست کی فصلوں کی دن رات نگرانی کی جا رہی ہے کیونکہ طوطوں کو ان کی لت لگ گئی ہے اور وہ اپنی اشتہا پوری کرنے کیلئے مسلسل ان فصلوں پر منڈلا رہے ہیں، یہاں تک کہ بعض ماہرین نے طوطوں کو منشیات کا عادی قرار دیدیا ہے۔

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ضلعے نیمچ میں مختلف کاموں کیلئے افیون کاشت کی جاتی ہے مگر کسانوں کے مطابق افیون کے عادی طوطوں کی بڑی تعداد ہر روز حملہ کر رہی ہے۔

اول تیز بارشوں سے فصلیں شدید متاثر ہو چکی ہیں اور اس پر طوطوں کی یلغار سے پودے شدید متاثر ہوئے ہیں، اب کسان دن رات اپنی فصلوں پر پہرہ دے رہے ہیں۔ ایک کسان نے بتایا کہ ایک پھول سے 25 گرام تک افیون نکلتی ہے اور طوطے بار بار حملہ کرتے ہیں۔

طوطوں کو بھگانے کے لیے لاؤڈ سپیکر اور پٹاخوں سمیت سارے حربے استعمال کر رہے ہیں لیکن اب تک کوئی خاص فائدہ نہیں ہو سکا ہے۔ ماہرین نے ان پرندوں کو عقلمند قرار دیا ہے جو پودے کو کتر کر افیون کے بیج مزے سے کھا رہے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ پودے میں موجود نشے کے اثرات طوطوں کو عین اسی طرح متاثر کر رہے ہیں جس طرح انسان کافی اور چائے پی کر اس کا اثر محسوس کرتے ہیں۔