ادیس ابابا: (ویب ڈیسک) افریقی ملک ایتھوپیا یوں تو معاشی ابتری جیسی صورتحال سے معروف ہے تاہم اگر ٹیلنٹ کی بات کی جائے تو قدرت کسی پر بھی مہربان ہو سکتی ہے، ایتھوپیا کا ایک 11 سالہ بچہ رنگ برنگے اونی فن پارے تخلیق کرنے میں ایسا ماہر ہے کہ اس ننھی عمر میں نہ صرف اپنی برانڈ چلا کر ڈالر کما رہا ہے بلکہ سوشل میڈیا پر اس کے ایک لاکھ 33 ہزار فالوورز بھی ہیں جو اس سے قیمتی مشورے لیتے ہیں۔
ایتھوپیا کا جوناح حیرت انگیز طور پر 5 سال کی عمر سے کھلونوں سے کھیلنے کے بجائے سویٹر بُن رہا ہے، سوشل میڈیا پر اس کے ایک لاکھ 33 ہزار فالورز ہیں جب کہ یو ٹیوب چینل پر 26 ہزار سبسکرائبرز ہیں جن میں سے اکثر اس کے خریدار ہیں اور کچھ پیشے سے وابستہ لوگ جوناح سے سویٹر مشورے بھی لیتے ہیں۔
جوناح کی زندگی اس وقت بدلی جب حقیقی والدین نے غربت کے ہاتھوں مجبور ہو کر اسے دارالامان بھیج دیا گیا تھا جہاں ایک سفید فام خاندان نے اسے اپنا لیا۔ جوناح کے نئے والدین نے اسے کھلونے لے کر دیئے جن میں اس نے کوئی دلچسپی نہیں لی، حیرت انگیز طور پر اس نے اون اور سلائی سے دوستی کر لی اور دیکھتے ہی دیکھتے فن پارے تخلیق کرنے لگا۔
نئے ماں باپ نے جوناح کا ٹیلنٹ دیکھا تو اس کے فن پاروں کی نمائش کی اور یوں کچھ عرصے بعد اس کے نفیس کام کی دور دور تک شہرت پھیل گئی۔ اب جوناح محض 11 سال کی عمر میں اپنی برانڈ ’ جوناح کی دستکاری‘ کا مالک بن گیا ہے بلکہ انٹر نیٹ کے ذریعے ڈالرز بھی کمانے لگا ہے۔