لاہور: (ویب ڈیسک) کسی گھر میں سانپ گھس جائے تو وہاں پر خوف کا عالم چھا جاتا ہے، اسے نکالنے کے لیے بہت ساری تگ و دو کرنی پڑتی ہے، اسی طرح کی ایک خبر ویسٹ انڈیز سے آئی ہے، جہاں پر جذباتی شخص سانپ کو مارنے کے چکر میں پورا گھر جلا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گیانا کے ایک چھوٹے سے ملک کورنٹائن کے علاقے میں مشرقی باربائس میں ایک شخص نے سانپ کو آگ سے جلا کر مارنے کی کوشش کی تو عمارت نما گھر بھی اس کی لپیٹ میں آگیا۔
یہ واقعہ چند روز قبل دوپہر ایک بجے اس وقت پیش آیا جب سیکیورٹی گارڈ نے دیکھا کہ ایک سانپ رینگ کر پرانے ٹائروں کے ڈھیر میں گھسنے کی کوشش کررہا ہے۔ گارڈ نے سانپ کو جلانے کی کوشش کی تو پہلے ٹائروں میں آگ لگ گئی۔
تاہم ٹائروں میں لگی ہوئی آگ قریبی مکان تک جاپہنچی اور پوری بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بعض حوالوں کے مطابق سیکیورٹی گارڈ مطمئن تھا کہ چند ٹائر جل کر بجھ جائیں گے اور وہ کسی کام سے چلا گیا لیکن واپس لوٹا تو ٹائروں کی آگ مکان تک پہنچ چکی تھی۔
ٹائروں کی آگ نے پہلے خشک گھاس کو جلایا اور یوں مکان بھی آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ اس کے فوراً بعد قریبی فائراسٹیشن سے مدد طلب کی گئی اور پھر آگ پربڑی مشکل سے قابو پایا گیا۔ آتشزدگی سےمکان کو نقصان پہنچا جہاں پہلے سرکاری دفاترقائم تھے۔ پولیس نے گارڈ سے سوالات کیے اور اس سے بازپرس کی ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ سانپ مرگیا یا بچ کر بھاگ نکلا ہے۔