’جنوبی افریقا میں عجیب گھر، جو الٹا نظر آتا ہے‘

Last Updated On 12 March,2020 08:05 pm

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں اکثر دلچسپ و عجیب خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں جنہیں پڑھ کر ہر کوئی ششدر رہ جاتا ہے اسی طرح کی ایک خبر جنوبی افریقا سے آئی ہے جہاں پر ایک گھر کو ایسے انداز میں بنایا گیا ہے جیسے لگتا ہے یہ گھر الٹا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے علاقے ہارٹبیسٹ پورٹ میں یہ ایک ایسا گھر ہے جس کی چھت زمین سے لگی ہوئی ہے جبکہ اس کا فرش آسمان کی طرف ہے۔

ہارٹبیسٹ پورٹ میں ایک ایسی عمارت تعمیر کی گئی ہے جو کہ بالکل الٹی نظر آتی ہے۔ مختلف وجوہات کے باعث یہ الٹا گھر دنیا بھر کے سیاحوں کی دلچسپی حاصل کر رہا ہے۔

جنوبی افریقا کے بڑے شہر جوہانسبرگ سے 75 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہارٹبیسٹ پورٹ میں بنایا گیا گھر نہ صرف باہر سے الٹا ہے بلکہ اس کی اندرونی بناوٹ میں بھی اسی ترتیب کو برقرار رکھا گیا ہے۔

یہاں آنے والے سیاح کمروں میں چھت سے لگے صوفوں، میزوں اور دیگر اشیا کو دیکھ نہ صرف حیرت کا اظہار کرتے ہیں بلکہ ان کے ساتھ تصاویر بھی لازمی بناتے ہیں۔ گھر میں موجود کچن میں کھانے کی میز سمیت دیگر گھریلو اشیا چھت سے چپکی ہوئی ہیں۔

اس عمارت کے حوالے سے بنائی گئی ویب سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق اس  الٹے گھر  کا دورہ ہفتہ کے کسی بھی دن صبح 9 سے شام 5 بجے کے درمیان کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس کا ٹکٹ ادا کرنا ہوگا۔سیاحوں کے لیے اس گھر میں داخل ہونے اور تصاویر بنانے کا ٹکٹ چھ ڈالرز تک رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ واحد گھر نہیں ہے جس کی تعمیر میں اس انفرادیت کو مد نظر رکھا گیا ہو۔ قبل ازیں یورپی ملک جرمنی میں بھی اسی طرح کا ایک گھر بنایا گیا تھا جس کی بناوٹ میں ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اس کا فرش اوپر اور چھت زمین سے لگی ہوئی ہے۔

تائیوان کے کری ایٹیو پارک میں ماہرین تعمیرات نے بھی اسی طرح کا گھر تعمیر کیا تھا۔ ماہرین نے یہ گھر 300 مربع میٹر پر بنایا تھا جب کہ اس کی تعمیر پر چھ لاکھ ڈالرز کے اخراجات آئے تھے۔ روس میں بھی ایک نمائش کے دوران ایسا گھر تعمیر کیا گیا تھا جس کی چھت زمین سے لگی ہوئی تھی۔