نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کی سڑک پر پڑے کئی نوٹ پولیس نے سینی ٹائز کرنے کے بعد اٹھائے۔ تاہم ایک خاتون نے دعویٰ کیا کہ نوٹ میں نے سینی ٹائز کرنے کے بعد سوکھنے کیلئے بالکونی میں رکھے تھے۔
تفصیل کے مطابق بھارتی دارالحکومت کی سڑک پر پانچ پانچ سو کے کئی نوٹ دیر تک پڑے رہے، مگر کورونا وبا کے باعث کسی میں انہیں اٹھانے کی ہمت نہ ہوئی۔
نئی دہلی کے لارنس روڈ پر ادھر ادھر اڑتے نوٹ دیکھ کر شہریوں نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر انہیں اٹھانے سے گریز کیا، تاہم لوگوں کی کال پر پولیس اہلکاروں نے سینی ٹائز کرنے کے بعد نوٹ اٹھا کر لفافے میں ڈالے اور تھانے لے گئے۔
نوٹ تھانے لیجائے جانے پر ایک خاتون نے دعویٰ کیا کہ یہ نوٹ اس نے اے ٹی ایم سے نکال کر سینی ٹائز کرنے کے بعد سوکھنے کیلئے گھر کی بالکونی میں رکھے تھے جہاں سے یہ اڑ گئے۔
واضح رہے نئی دہلی میں جہاں لوگ غربت اور بیروزگاری کے باعث سو، سو روپے کیلئے مرنے مارنے پر اتر آتے ہیں، وہاں500 کے درجنوں نوٹوں کا سڑک پر دیر تک پڑے رہنا شہریوں کی احتیاط اور کورونا کے ڈر کو واضح کرتا ہے۔