نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش میں کسان کے گھر میں لگے ایئرکنڈیشنر کے اندر سے 40 سانپ برآمد ہوئے۔
عرب خبر رساں ادارے ’گلف نیوز‘ نے بھارتی میڈیا کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے خبر شائع کی ہے کہ ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں کسان کے گھر میں لگے اے سی سے چالیس سانپ برآمد ہوئے۔ سانپ برآمد ہونے کے بعد علاقہ مکین خوف زدہ ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ کے گاؤں پاولی کھرد میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق شاردھند نامی کسان نے اپنے گھر میں ایک سانپ کا بچہ دیکھا۔
کسان نے سانپ کے بچے کو دیکھتے ہی اُسے پکڑا اور گھر سے باہر پھینک دیا، تھوڑی دیر بعد وہ جب اپنے کمرے میں سویا تو اُسے بستر پر تین سانپ ایک ساتھ نظر آئے۔
کسان فوری طور پر اٹھ کے بیٹھا تو اُس کی نظر ایئرکنڈیشنر پر پڑی جہاں بہت سارے سانپ موجود تھے۔ یہ صورت حال دیکھنے کے بعد کسان خوفزدہ ہوا اور اُس نے مدد کے لیے اپنے بھائی کو طلب کیا۔
شاردھند کے بھائی نے آکر دیکھا کہ اے سی کے پائپ میں چالیس سے زائد سانپ بیٹھے ہیں۔
یہ خبر دیکھتے ہی دیکھتے پورے گاؤں میں پھیل گئی جس کے بعد پڑوسی شاردھند کی مدد کو پہنچے اور پھر انہوں نے ایک ایک کر کے سارے سانپ پکڑ کر انہیں ایک کپڑے کے تھیلے میں ڈالا اور انہیں قریبی جنگل میں چھوڑ دیا۔
مقامی ویٹنری ڈاکٹر آر کے واتسال کا کہنا تھا کہ اے سی گزشتہ کئی مہینوں سے استعمال نہیں ہوا ہوگا جس کی وجہ سے مادہ سانپ نے پائپ کے اندر انڈے دیے ہوں گے اور اب اُن میں سے بچے نکلنا شروع ہوئے ہیں، اس لیے وہ کمرے میں رینگتے نظر آرہے تھے۔