نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست الاباما میں خاتون نے اپنے 2 سالہ بیٹے پر اینٹ سے تشدد کر کے اسے زخمی کر دیا۔ خاتون نے کہا کہ شیطان کے کہنے پر ایسا کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست الاباما کی کاؤنٹی واکر میں ایک 33 سالہ خاتون میلوڈی میکا اسمتھ نے دو سالہ بیٹے کو تشدد کر کے ہسپتال پہنچا دیا، پولیس نے خاتون کو گرفتار کر لیا۔
واکر کاؤنٹی پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون میلوڈی سمتھ نے مبینہ طور پر اپنے ننھے بیٹے کا گلا دبا کر اسے مارنا چاہا اور اینٹ مار کر اسے شدید زخمی کر دیا۔
پولیس تفتیش کاروں کے مطابق یہ واقعہ گڈزسپرنگ کے علاقے میں پیش آیا، بچے کی ماں نے بچے پر اینٹ سے حملہ کیا، زخمی ہونے پر دیگر فیملی ممبرز نے اسے فوراً اسپتال پہنچایا، جہاں سے اسے طبی امداد کے لیے طیارے کے ذریعے برمنگھم کے بچوں کے اسپتال لے جایا گیا۔
طبی امداد ملنے کے بعد اب بچے کی حالت سنبھل گئی ہے، خاتون نے گرفتاری کے بعد پولیس کو بتایا کہ اس نے بچے کے ساتھ جو کچھ کیا وہ اس سے شیطان نے کروایا۔
خاتون کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کا دو سالہ بیٹا بھی دراصل شیطان کا روپ ہے، اس لیے اس نے اسے مارا۔ دوسری طرف کاؤنٹی پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون کے خلاف بچے پر شدید ترین تشدد کے الزام میں مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے، جبکہ رہائی کے لیے اڑھائی لاکھ ڈالر (تقریباً چار کرروڑ روپے) زر ضمانت مقرر کی گئی ہے۔
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ بچے کو جب ہسپتال پہنچایا گیا تو اس معلوم ہوا کہ اس کے سر پر اینٹ سے کئی وار کیے گئے تھے، جس سے وہ کبھی بے ہوش ہو رہا تھا اور کبھی ہوش میں آجاتا۔