ہنوئی: (ویب ڈیسک) ویتنام کا ایک کاروباری شخص کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ملک بھر میں ’مفت چاول کے اے ٹی ایم‘ لگا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے دوران مخیر حضرات کی جانب سے کئی ایسے اقدامات اٹھائے گئے جنہیں عالمگیر شہرت حاصل ہوئی . ایسا ہی ایک منفرد کارنامہ ویتنام کی ایک کاروباری شخصیت کی جانب سے بھی سرانجام دیا گیا ہے جنہوں نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ملک بھر میں ’مفت چاول کی اے ٹی ایم‘ مشینیں لگوانے کاسلسلہ شروع کررکھا ہے .
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ہوانگ توان آن نے سب سے پہلے یہ میشن ویتنام کے شہر ہو چی من میں لگائی تھی جس کا مقصد ان افردا کی مدد کرنا تھا جو اپنی ملازمتین کھو بیٹھے ہیں تاہم اس مشین کی مقبولیت کے بعد اب وہ ملک بھر میں مزید ایسی مشینیں لگا رہے ہیں۔
ہوانگ کا کہنا ہے کہ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملازمتیں کھونے والے افراد کی مدد کے لیے 24 گھنٹے کام کرنے والی ایسی مشینیں تیار کرنا چاہتا تھا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اے ٹی ایم مشین ایک وقت میں 1.5 کلو گرام چاول دیتی ہے، جو مستحق افراد آ کر لے جاتے ہیں، مستحق افراد اے ٹی ایم کے پاس آ کر بٹن دباتے ہیں اور چاول حاصل کر لیتے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق اے ٹی ایم مشین کے دوران شہریوں کی طرف سے سماجی فاصلے رکھے جا رہے ہیں جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈا ؤن لگ جانے کی وجہ سے پچاس لاکھ روزگار گنوا بیٹھے ہیں۔