ورجینیا: (روزنامہ دنیا) امریکہ میں گھر سے بن کباب خریدنے کیلئے جانے والا شخص ایک لاکھ ڈالر لے کر گھر واپس آیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والے گیرارڈ فوری نے ورجینیا کے لاٹری حکام کو بتایا کہ وہ گھر سے ہاٹ ڈاگ خریدنے کیلئے نکلا تھا۔ کھانے پینے کی اشیا کے بڑے سٹور پر ہاٹ ڈاگ خریدنے کے بعد اسے جون میں ہونے والی کیش ڈرا کا ٹکٹ خریدنے کا خیال آیا.
گیرارڈ نے صرف ایک دن پہلے جس لاٹری کا ٹکٹ خریدا تھا اس کے نتائج میں اپنا نمبر چیک کیا تو اس کی خوشی کی انتہا نہ رہی کیوں کہ اس کا ایک لاکھ کا انعام نکل آیا تھا۔ فوری کا کہنا ہے کہ وہ با آسانی پرجوش ہونے والا انسان نہیں لیکن اس غیر متوقع خوش خبری کے بعد وہ پھولے نہیں سما رہا تھا اور اس کا جوش و خروش آسمان سے باتیں کررہا تھا۔