نیو یارک: (ویب ڈیسک) زمین پر رہنے والے لوگوں کو ہمیشہ ہی اس بات پر تجسس ہوتا ہے کہ خلا کیسی ہے، وہاں کی خوشبو کیسی ہے؟ اور وہ خلا باز کے تجربے کو خود بھی محسوس کرنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں امریکی خلائی ادارے ناسا نے لوگوں کے تجسس کو ختم کرنے کے لیے ایک ایسا پرفیوم تیار کرلیا ہے جس کی خوشبو خلا جیسی ہے۔
یہ پرفیوم خلا بازوں کی مدد سے بنایا گیا ہے جو کہ جلد ہی عوام کو بھی میسر ہوگا اور وہ یہ جان سکیں گے کہ خلا کی فضا اور ماحول میں کیسی خوشبو آتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ پرفیوم Eau de Space کیمیا دان اسٹیو پیئرس نے تیار کیا ہے جب کہ انہیں ناسا نے خلا کی خوشبو بنانے کے لیے 2008 میں پیشکش کی تھی۔
خلا کی خوشبو کے حوالے سے ایک خلاباز پیگی وٹسن نے بتایا ہے کہ خلا میں ایسی خوشبو آتی ہے جیسے گولی چلنے کے فوراً بعد آتی ہے اور یہ خوشبو کسی جلی ہوئی چیز کی خوشبو کی طرح ہوتی ہے۔
Eau de Space پرفیوم بنانے والے کیمیا دان اسٹیو پیئرس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس خوشبو کو بنانے کے لیے متعدد خلابازوں کی رائے جانی جنہوں نے انہیں خلا کی خوشبو کی تفصیل بتائی۔
Eau de Space پروڈکٹ کے منیجر میٹ رچمنڈ کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ یہ خوشبو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی سیکھنے میں مزید دلچسپی پیدا کرے گی۔