بنکاک: (ویب ڈیسک)تھائی لینڈ میں لاک ڈاؤن کے باعث ہزاروں بندروں نے بھوک سے تڑپنے کے بعد انسانوں پر حملے شروع کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن ہے اس دوران جانوروں کی بڑی تعداد جنگلوں سے باہر نکل کر عوامی مقامات کی طرف آ رہی ہے، اس طرح کے مناظر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھی دیکھنے کو ملے ہیں۔ تاہم تھائی لینڈ سے ایک حیران کن خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ میں کورونا وائرس کے تناظر میں نافذالعمل جزوی لاک ڈاؤن کے باعث ہزاروں بندر سڑک پر بھوک سے تڑپ رہے ہیں، غذا نہ ملنے پر غصیلے بندروں نے انسانوں پر حملہ کرنا شروع کردیا۔
تھائی لینڈ کے شہر ’لپبوری‘ میں بندروں کے انسانوں پر حملے کے زیادہ واقعات رپورٹ ہورہے ہیں، بھوکے بندر اچانک راہ چلتے شہریوں پر حملہ کرتے ہیں۔
تھائی لینڈ میں اکثر سیاح اور مقامی بندروں کو کھانا کھلایا کرتے تھے لیکن جزوی ڈاؤن کے باعث شہریوں نے بھی خود کو گھروں میں محفوظ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے سڑک پر گھومنے والے بندر کھانوں سے محروم ہوگئے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ بندروں کو اگر کوئی شخص باہر نظر آجائے تو وہ ان پر حملہ آور ہوتے ہیں تاکہ انہیں وہ غذا فراہم کریں، ایک اعداد وشمار کے مطابق تھائی شہر لپبوری میں تقریباً 7 ہزار کے قریب بندر سڑکوں پر گھومتے ہیں۔