نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک انوکھی اور حیران خبر آئی ہے جہاں پر ایک فیملی چرس کے پتوں کو میتھی سمجھ کر پکا کر کھانے کے بعد ہسپتال پہنچ گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقع بھارت ریاست اتر پردیش میں پیش آیا ہے جہاں ایک کسان نے غلطی سے چرس کے پتوں کو میتھی سمجھ کر ایک نتیش نامی شخص کو بیچ دی۔ نتیش نے گھر جا کر میتھی کی سبزی بنانے کی فرمائش کی جس کے بعد شام کو گھر کے تمام افراد نے ایک ساتھ کھانا کھایا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق کھانا کھانے کے بعد گھر کے کچھ افراد سستی کا شکار ہو گئے جبکہ کچھ افراد بے ہوش ہو گئے، طبیعت بگڑنے ہر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اس موقع پر پڑوسیوں نے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جب ہمیں نتیش کے گھر والوں کے بارے میں اطلاع ملی تو ہم نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع کر دی تھی۔
پولیس نے گھر کے تمام افراد کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد گھر کی تلاشی لی جس کے بعد اس بات کا اندازہ ہوا کہ گھر کے تمام افراد نے غلطی سے میتھی کی بجائے چرس کی سبزی کھا لی ہے۔
تاہم پولیس نے کسان سے بھی تفتیش کی جس پر اس کا کہنا تھا کہ اس نے مذاق کے طورپر انہیں یہ پتے دیئے تھے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ گھر کے تمام افراد ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ پولیس نے اس حوالے سے تفتیش کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں اس سے قبل بھی بے شمار واقعات سامنے آتے رہے ہیں جہاں لوگوں کو فریب کرتے دیکھا گیا ہے۔ لیکن اس واقع سے ایک بات ثابت ہوتی ہے کہ انسان کو کسی پر یقین نہیں کرنا چاہیئے اور خریداری کرتے ہوئے ہر چیز کو خود چیک کر خریدنا چاہئے۔
اس واقع میں بھی اگر پڑوسیوں کو بروقت نتیش کے گھر میں چلنے والی مشکل کے بارے میں پتہ نہ چلتا تو کسی قسم کا کوئی جانی نقصان بھی ہو سکتا تھا لیکن ان کے پڑوسیوں نے نتن کو کسی بڑے نقصان سے بچا لیا ہے۔