گھنے جنگلات سے 21 ماہ کا بچہ دو راتیں تنہا گزارنے کے بعد کھائی سے زندہ نکال لیا گیا

Published On 24 June,2021 05:17 pm

روم: (ویب ڈیسک) اٹلی کے گھنے جنگلات سے 21 ماہ کا بچہ دو راتیں تنہا گزارنے کے بعد ایک کھائی سے زندہ نکال لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹلی کے وسطی علاقے ٹسکنی کے جنگلات میں کھائی میں دو راتیں تنہا گزارنے والے 21 ماہ کے بچے کو زندہ بچا لیا گیا۔ بچے کی وہاں موجودگی کا احساس ٹیلی وژن صحافی کو اس وقت ہوا، جب اس نے کھائی سے آنے والی اس کی سسکیوں کی آواز سنی۔ بچے کے سر پر چوٹ لگنے کے سبب ایک ابھار اور چند خراشیں تھیں، مگر مجموعی طور پر وہ اچھی حالت میں پایا گیا۔

21 ماہ کے نیکولا تنتورلی کا گھر ٹسکنی کے پہاڑی علاقے Apennin کے دور افتادہ دامن کوہ میں واقع ہے۔ اس علاقے کا دارالحکومت مشہور اطالوی شہر فلورنس ہے، جو عظیم مصور، نقاش اور شاعر مائیکل اینجلو کا آبائی شہر بھی تھا۔ گزشتہ پیر کی رات نیکولا اپنے کافی الگ تھلگ سے گھر سے نکل کر بھٹکتا ہوا ایک کھائی میں جا پھنسا۔ تب سے اس کی تلاش شدت سے جاری تھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک ٹی وی صحافی یوزیپے دی توماسو کے ذریعے بچے کی زندگی کے آثار ملنے اور پھر بحفاظت ریسکیو کر لیے جانے پر فلورنس کے قریبی قصبے Palazzuolo sul Senio میں جشن کا سا سماں تھا۔ چرچ میں گھنٹیاں بجا کر اس بچے کی بازیابی پر خوشی منائی گئی۔ جس کھائی سے یہ لڑکا ملا، وہ اس کے گھر سے تقریباﹰ دو کلو میٹر دور ہے۔

نیکولا کو دو روز بعد گہری کھائی سے نکالنے والے دونوں کمانڈوز کا کہنا تھا کہ جس لمحے انہوں نے اس بچے کو اس کی ماں کی گود میں دیا، وہ لمحہ ناقابل بیان مسرت کا لمحہ تھا۔ یقین ہی نہیں آ رہا کہ 21 ماہ کے بچے نے دو راتیں جنگل اور کھائی میں گزاریں۔ یہ امکان زیادہ ہے کہ نیکولا سڑک کے راستے نہیں بلکہ جنگل میں چلتا ہوا وہاں تک پہنچا تھا، جہاں سے اسے ریکسیو کیا گیا۔

علاقے کے میئر جیاں پیرو فلپ موشیتی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ ایک بہت ہی چنچل اور متحرک بچہ ہے۔ بہت زندہ دل۔ اس نے ایک گھنٹے میں ایک کلو میٹر کا فاصلہ طے کر لیا۔ ہمیں نہیں جانتے کہ وہ مزید کتنا فاصلہ پیدل طے کر سکتا تھا۔ صرف اکیس ماہ کا نیکولا تنتورلی گھر سے باہر جا کر کھیلنے کا عادی ہے۔
 

Advertisement