محبت کے مارے نے اپنے بال، ناخن اور دانت مجسمے میں لگا دئیے

Published On 04 July,2021 08:09 am

ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) جاپان میں اپنی بیوی سے بے پناہ محبت کرنے والے ایک بیمار شخص نے اپنا حقیقت سے قریب ترمجسمہ بنا ڈالا مگر مجسمہ کی تیاری کے بعد اس پر جو انکشاف ہوا اس نے سننے والوں کو حیرت زدہ کردیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق انا نوما مساکی چی نامی ایک جاپانی شہری گزشتہ کئی ماہ سے ٹی بی کے مرض کا شکار تھا، ڈاکٹروں نے اسے لاعلاج قرار دے دیا اور اسے بتایا کہ وہ سال یا ڈیڑھ سال کا مہمان ہے جسے سن کو وہ بہت دلبرداشتہ ہوا اور اپنی چہیتی بیوی کیلئے فکرمند ہوگیا۔انا نوما مساکی چی لکڑی کے کام کا ماہر کاریگر تھا اس نے اپنی موت کے بعد بیوی کا غم بانٹنے کیلئے لکڑی کے دو ہزار ٹکڑے ملا کر ایک مجسمہ بنایا جس کی خاص بات یہ تھی کہ اس نے اپنے جسم کے بال ،ناخن اور پورے دانت بھی اس مجسمے میں لگا دئیے لیکن مجسمہ کی تیاری کے بعد بھی اس کے پاس زندگی کے چند ماہ باقی تھے ۔

اس پر یہ قیامت ٹوٹ پڑی کے اس کی بیوی نے اس سے طلاق لے کر کسی اور سے شادی کرلی۔بعدازاں ایک دن معمول کے چیک اپ کے بعدڈاکٹروں نے اسے بتایا کہ اب وہ ٹی بی کا مریض نہیں رہا بلکہ چند ماہ میں مکمل صحت یاب بھی ہوجائے گا۔انا نوما مساکی چی کا مجسمہ آج بھی ایمسٹرڈیم کے عجائب خانے میں موجود ہے ، جسے محبت کی علامت کے نام سے جانا جاتا ہے بلکہ اسے ناکام محبت کی علامت کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔
 

Advertisement