15 منٹ کے فرق سے مختلف سالوں میں جڑواں بچوں کی پیدائش

Published On 03 January,2022 08:17 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں 15 منٹ کے فرق سے دو مختلف سالوں میں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر گرین فیلڈ کی فاطمہ مدریگال اور روبرٹ ٹروجیلو کے ہاں دو روز قبل جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی لیکن دونوں بچوں کی پیدائش کا سال اور مہینہ مختلف تھا۔

رپورٹ کے مطابق 2021 کے آخری لمحات میں جب امریکا سمیت دنیا بھر میں نئے سال کے جشن منانے کی تیاری کی جارہی تھی ایسے میں گرین فیلڈ کی فاطمہ مدریگال نے نیٹیوڈید میڈیکل سینٹر میں جڑوں بچوں کو جنم دیا۔

فاطمہ نے 31 دسمبر 2021 کے رات 11 بجکر 45 منٹ پر بیٹے الفریڈو کو جنم دیا اور ٹھیک 15 منٹ بعد خاتون نے بیٹی ایلن کو جنم دیا لیکن تب تک دسبمر جنوری اور 2021 ، 2022 میں تبدیل ہوچکا تھا۔

یوں صرف 15 منٹ کے فرق سے دونوں جڑواں بہن بھائیوں کی الگ الگ سالوں میں پیدائش ہوئی اور دونوں کی سالگرہ بھی دو مختلف تاریخ اور ماہ میں منعقد کی جائے گی۔

ہسپتال حکام نے بچوں کی پیدائش کی دو مختلف سالوں میں پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پیدائش کے وقت لڑکے کا وزن 6 پونڈز ایک اونس تھا اور لڑکی کا وزن 5 پونڈز 14 اونس تھا جب کہ دونوں بچے مکمل صحتیاب ہیں۔

اس حوالے سے فاطمہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جڑواں بچوں کی پیدائش پر خوش ہیں اور جڑواں ہونے کے باوجود دونوں کی سالگرہ دو مختلف تاریخوں میں منانے کا تجربہ منفرد ہوگا تاہم مجھے اس بات کی زیادہ خوشی ہے کہ میرے بیٹے کی پیدائش ایک دن پہلے ہوئی ہے۔
 

Advertisement