اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں اپنے بد مزاج شوہروں سے تنگ 2 خواتین نے اپنا گھر چھوڑ کر ایک دوسرے سے شادی کر لی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے گورکھ پور میں پیش آیا جہاں کویتا اور گنجا عرف ببلو نے شیو مندر میں شادی کی، دونوں کا انسٹاگرام پر ایک دوسرے سے رابطہ ہوا اور دونوں جلد دوست بن گئیں، شادی کرنے کا فیصلہ کرنے سے پہلے وہ 6 سال تک ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہیں۔
دونوں خواتین نے بتایا کہ وہ اپنے شوہروں کے ہاتھوں تشدد کا شکار رہیں۔
ایک خاتون نے بتایا کہ اس کا شوہر شرابی ہے، وہ روزانہ اس پر تشدد کرتا تھا، اس کے 4 بچے ہیں اور اس نے متعدد بار تشدد برداشت کرنے کے بعد اپنے والدین کے گھر واپس جانے کا فیصلہ کیا۔
دوسری خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس کا شوہر بھی بہت زیادہ شراب پیتا تھا اور اس پر بے وفائی کا جھوٹا الزام لگاتا ہے جس کی وجہ سے اس نے اسے چھوڑا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک خاتون نے کہا کہ ہم اپنے شوہروں کی شراب نوشی اور بدسلوکی سے پریشان تھے، اس کی وجہ سے ہم سکون اور محبت کی زندگی کا انتخاب کرنے پر مجبور ہوئے، ہم نے گورکھپور میں ایک جوڑے کے طور پر رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔