65 برس بعد نفرتیں ختم، کم جونگ اُن کی جنوبی کورین صدر سے ملاقات

Last Updated On 27 April,2018 11:34 pm

سیئول: (دنیا نیوز) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن 65 برسوں سے تنی نفرت کی دیوار گراتے ہوئے جنوبی کوریا جا پہنچے اور صدر مون جائے اِن سے ہاتھ ملا لیا، دنیا پر منڈلاتے خوفناک ایٹمی جنگ کے بادل چھٹ گئے۔

دونوں ملکوں کے عوام کیلئے یہ تاریخی لمحہ تھا جب شمالی اور جنوبی کوریا کے صدور کم جونگ اُن اور مون جائے اِن کے مابین مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا، گلدستے پیش کئے گئے اور دونوں ملکوں کے قومی ترانوں سے فضا گونج اٹھی۔


کم جونگ اُن کا جنوبی کوریا پہنچنے پر پرتپاک استقبال ہوا، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد دونوں سربراہان مملکت میں ون آن ون ملاقات ہوئی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، بعد ازاں کم جونگ اُن جذبہ خیر سگالی کے طور پر جنوبی کوریا کے صدر کو دونوں ملکوں کے مابین ہائی سکیورٹی زون شمالی کوریائی سرحدی علاقے میں لے کر گئے۔