ٹیکساس: (دنیا نیوز) امریکی خاتون اول نے ٹیکساس میں تارکین وطن سے چھین کر علیحدہ کیمپ میں رکھے جانے والے بچوں سے ملاقات کی، دورے کے دوران ان کی جیکٹ سب کی توجہ کا مرکز بن گئی جس پر لکھا تھا کہ 'مجھے کسی کی پرواہ نہیں کیا آپ کو ہے؟'
امریکی خاتون اول نے ٹیکساس میں قائم ایک کیمپ کا دورہ کیا جہاں امیگریشن کے دوران والدین سے دور کیے گئے بچوں کو رکھا گیا تھا۔ اس دوران میلانیا کی جیکٹ توجہ کا مرکز بن گئی، جس پر انگریز ی میں لکھا تھا کہ
"?I REALLY DON’T CARE, DO U"
یعنی مجھے کسی کی پرواہ نہیں کیا آپ کو ہے؟
میلانیا کی جیکٹ میڈیا کی خبر بنی تو امریکی صدر اپنی خفت چھپانے کو میدان میں آ گئے اور ٹویٹ کی میلانیا نے جیکٹ کے ذریعے سے فیک نیوز میڈیا کو پیغام دیا ہے، اب میری بیوی کو بھی معلوم ہوگیا ہے کہ میڈیا بے ایمان ہے اور اب انہیں بھی اس کی پروا نہیں ہے ۔
ڈونلڈ ٹرمپ عہدہ صدارت سنبھالنےکے بعد سے اپنے خلاف خبریں شائع کرنے پر میڈیا پر طنز کے تیر برساتے رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے امریکہ آنے والے تارکین وطن کو انکے بچوں سے علیحدہ کیمپ میں رکھنے کا حکم دیا تھا جسے دنیا بھر میں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا حتی کہ صدر ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے بھی نہ صرف تنقید کی بلکہ تارکین وطن سے اظہار یکجہتی کیلئے والدین سے علیحدہ کئے گئے بچوں کے کیمپ کا دورہ بھی کیا۔