بھارت:مسلمان کے قاتل بی جے پی رہنما کا جشن

Last Updated On 23 July,2018 11:30 am

ممبئی (دنیا نیوز ) بھارتی سیاستدان انتہا پسندوں کےسرپرست بن گئے، ایک مسلمان کے قتل میں ملوث آٹھ افراد کو ضمانت پر رہائی ملی تو بی جے پی کے رہنما جینت سنہا نے قاتلوں کے اعزازمیں پارٹی کا اہتمام کیا، انہیں ہارپہنائے، امریکی میڈیا نے بھارتی سیاستدان کی اس حرکت کی مذمت کی ہے۔

مسلم دشمنی میں اندھے بھارتی سیاستدان کو امریکا کی ہارورڈ یونیوسٹی کی پڑھائی بھی نہ بدل سکی۔ ایک عمر امریکا میں گزارنے والا سابق وزیر یشونت سنہا کا بیٹا جینت جب بھارت لوٹا تو انتہا پسندوں کا سرپرست بن گیا۔

گائے ذبح کرنے کا الزام لگا کر ایک مسلمان کو قتل کرنے والے غنڈوں کو عدالت نے ضمانت دی تو جینت نے قاتلوں کے اعزاز میں پارٹی کا اہتمام کیا اور انہیں ہار پہنائے۔

انتہا پسندوں نے علیم الدین انصاری پر گائے کا گوشت سمگل کرنے کا الزام لگا کر قتل کیا اور ویڈیو بنائی تاہم بھارتی عدالت نے اسے ناکافی ثبوت قرار دے کر قاتلوں کو ضمانت دے دی۔ امریکی اخبار نے جینت سنہا کی اس حرکت کی شدید مذمت کی تو بھارت میں بھی اس کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چل پڑی۔