دمشق: (دنیا نیوز) روس نے شام میں مار گرائے جانے والے فوجی طیارے کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا ہے جس پر سوار 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ روس نے شام میں فوجی طیارہ تباہ ہونے پر اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔
اس سے پہلے روس کی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ اسرائیل کے ایف-16 جیٹ طیاروں کے لاذقیہ پر حملے کے دوران ایک روسی فوجی طیارہ شامی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد سے لاپتہ ہے۔ طیارے پر سوار 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ روسی طیارے کو شام کے دفاعی نظام نے نشانہ بنایا تھا تاہم روس نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے جنگی جہازوں نے پیر کو آئی ایل-20 طیارے کو شامی دفاعی نظام کے دائرے کی جانب دھکیلا اور وہ ماسکو کو شام میں اہداف کو نشانہ بنانے کے بارے میں زیادہ واضح انداز میں مطلع کرنے میں ناکام رہا۔
ابھی تک اسرائیل کی جانب سے روسی الزام پر کوئی درعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ اسرائیل عام طور پر شام میں فضائی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ نہیں کرتا ہے تاہم اسرائیلی فوج کے حکام نے حال ہی میں تسلیم کیا تھا کہ انھوں نے شام میں گذشتہ 18 ماہ کے دوران 200 ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا۔