انڈونیشیا: خوفناک زلزلے کے بعد سونامی

Last Updated On 28 September,2018 07:47 pm

جکارتہ: (دنیا نیوز) انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد سونامی کی لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرا گئیں، کئی فٹ بلند لہریں راستے میں آنے والی ہر چیز بہا کر لے گئیں۔

انڈونیشیا کا جزیرہ سولاویسی خوفناک زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا، سات اعشاریہ پانچ شدت کے زلزلے سے سونامی کی کئی فٹ اونچی لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرا گئیں۔ سوشل میڈیا پر جاری فوٹیجز میں گاڑیوں اور گھروں کو سونامی کی لہروں میں بہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس سے پہلے یکے بعد دیگرے زلزلے کے جھٹکوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، خواتین اور بچے چیخ چیخ کر دعائیں مانگتے رہے۔ 2004 میں انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں آنے والے سونامی سے ڈھائی لاکھ کے لگ بھگ افراد ہلاک ہوگئے تھے جو رواں صدی کی سب سے بڑی قدرتی آفت سمجھی جاتی ہے۔