سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی دہشتگردی جاری ہے۔ قابض فوج نے کلگام میں گھر گھر تلاشی کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق واقعہ کے خلاف جگہ جگہ احتجاج کیا جا رہا ہے۔ کشمیری مظاہرین قابض فوج کے خلاف شدید نعرہ بازی کر رہے ہیں۔ ادھر کلگام میں جھڑپ کے دوران پولیس ڈی ایس پی امن ٹھاکر ہلاک جبکہ فوجی اہلکار زخمی ہو گیا۔
ادھر بھارتی سپریم کورٹ میں آرٹیکل 35 اے کی سماعت سے پہلے مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن کے دوران یاسین ملک سمیت 200 کشمیریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ادھر گرفتاریوں کے خلاف وادی میں آج مکمل ہڑتال ہے۔
مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم عروج پر، آرٹیکل 35 اے کی سماعت سے قبل وادی میں کریک ڈاؤن کیا گیا۔ وادی کو چھاؤنی میں بدلنے اور گرفتاریوں کےخلاف آج مکمل ہڑتال ہے۔
حریت رہنماؤں نے کل بھی وادی میں ہڑتال کی کال دی ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ میں آرٹیکل 35اے کی سماعت کل ہو گی۔ اس شق کے تحت کوئی شخص صرف اسی صورت میں جموں کشمیر کا شہری ہو سکتا ہے اگر وہ یہاں پیدا ہوا ہو۔ کسی بھی دوسری ریاست کا شہری جموں کشمیر میں جائیداد نہیں خرید سکتا۔