آئرلینڈ: فرض کی ادائیگی کے دوران ایک اور صحافی قربان

Last Updated On 19 April,2019 07:35 pm

ڈبلن: (دنیا نیوز) شمالی آئر لینڈ میں فرض کی ادائیگی کے دوران ایک اور صحافی ہلاک ہو گئیں۔ شہر لندن ڈیری میں پیش آنے والے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لندن ڈیری میں مظاہرے کے دوران 29 سالہ صحافی لیرا میکی اپنی جان کی بازی ہار گئیں۔

شمالی آئرلینڈ پولیس کے مطابق مسلح شخص نے پولیس پر فائرنگ کی تھی۔ لیرا میکی پولیس کی گاڑی کے قریب کھڑی تھیں اور گولی لگنے سے زخمی ہوگئیں جنہیں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ پولیس نے ری پبلکنز کو قتل کا ذمہ قرار دیا ہے۔

پولیس کے مطابق نیو آئرش ری پبلکن آرمی اس سب کے پیچھے ہے اور قتل کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

دوسری طرف صحافی کے قتل پر برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قتل حیران کن اور بے رحمانہ تھا۔

تھریسامے کے مطابق لیرا میکی بہادری کے ساتھ فرائض انجام دیتے ہوئے جان کی بازی ہار گئیں۔

ادھر شمالی آئر لینڈ کی صحافیوں کی بڑی تنظیم نیشنل یونین آف جرنلسٹس (این یو جے) کے مطابق لیرا میکی نامور صحافیوں میں سے ایک تھیں۔

آئرلینڈ کے وزیراعظم لیو وارادکر نے بھی افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے ڈیری کے عوام اور صحافی برادری کے ساتھ ہوں۔ کسی کو اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ انتہا پسندی، خوف اور نفرت پھیلا کر ہمیں ماضی میں دھکیلے۔

ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے دوران متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا جس میں پولیس کی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔