ابھی نندن کا مقبوضہ کشمیر سے راجھستان تبادلہ

Last Updated On 15 May,2019 12:29 pm

نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) پاکستانی حدود کے اندر طیارہ مار گرائے جانے کے بعد گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کا تبادلہ مقبوضہ کشمیر سے راجھستان میں کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ابھی نندن کو راجھستان کے سورت گڑھ ایئر بیس بھیجا گیا ہے جہاں بھارتی فضائیہ کے مگ 21 بائیسن طیارے تعینات ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں کہ وہ لڑاکا طیارہ اڑائیں گے یا نہیں لیکن بھارتی فضائیہ کے قواعد و ضوابط کے مطابق ایک بار ایجیکٹ کرنے والے پائلٹ کو دوبارہ طیارہ اڑانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

  واضح رہے کہ پاک فضائیہ نے رواں فروری کے آخر میں سرحدی خلاف ورزی پر بھارت کے 2 لڑاکا طیارے مار گرائے تھے جن میں سے ایک طیارے کا ملبہ پاکستان میں گرا تھا جس کے پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ بعد ازاں پاکستان نے مثبت خارجہ پالیسی اور جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو رہا بھی کر دیا تھا جس کی عالمی برادری نے تعریف بھی کی تھی۔