کولمبو: (دنیا نیوز) سری لنکا میں ایسٹر دھماکوں کے بعد مسلمانوں کے خلاف پرتشدد واقعات شدت اختیار کر گئے، بلوائیوں نے مسلمانوں کے گھروں، دکانوں کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
سری لنکا میں مسلمانوں کے خلاف تشدد کے دوران کرفیو نافذ، بلوائیوں نے مسلمانوں کی دکانوں، گھروں اور مساجد میں توڑپھوڑ کی۔ پٹلام میں مسلمان شہری کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس نے پرتشدد واقعات روکنے کے لیے کئی قصبوں میں ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ حکومت نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے ملک میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ فیس بک اور واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپس پر پابندی عائد ہے۔
سری لنکا کے وزیرِاعظم رانیل وکرما سنگھے نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کی وجہ سے حملوں کی تحقیقات متاثر ہو رہی ہیں۔