دوحہ: (دنیا نیوز) سربراہ طالبان مذاکراتی ٹیم محمد عباس استنکزئی نے کہا ہے کہ بھارت کا افغانستان میں ہمیشہ منفی کردار رہا، نئی دلی نے صرف غداروں کی مدد کی، اگر اب کوئی مثبت کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
تفصیل کے مطابق بھارت کا خطے میں منفی کردار بے نقاب ہونے لگا ہے، افغان طالبان نے بھی نئی دلی کو آئینہ دکھا دیا۔ طالبان کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ محمد عباس استانکزئی نے ایک انتہائی اہم بیان میں کہا ہے کہ بھارت افغانستان میں ہمیشہ غداروں کی حمایت کرتا رہا۔
محمد عباس استانکزئی کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ بھارت نے افغانستان میں ہمیشہ کرپٹ حکومت کی حمایت کر کے منفی کردار ادا کیا۔ بھارت چالیس سال سے افغانستان میں موجود ہے، جہاں اس نے ہمیشہ غداروں کی سپورٹ کی ہے۔
طالبان رہنما کا کہنا تھا کہ نئی دلی نے بدعنوان حکومت کے ساتھ معاشی، عسکری اور سیاسی تعلقات رکھ کر ملک کو نقصان پہنچایا۔ اگر کوئی افغانستان میں مثبت کردار ادار کرنا چاہتا ہے تو طالبان اس کی حمایت کو تیار ہیں۔