ترک صدر کا ایک اور خواب پورا، استنبول کی تقسیم مسجد کی تعمیر مکمل

Published On 28 May,2021 07:16 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے استنبول کے مرکز تقسیم سکوئر میں مسجد کا افتتاح کر دیا۔ اس مسجد کا خواب انہوں نے 26 سال پہلے دیکھا تھا جب وہ استنبول کے مئیر تھے۔

مسجد کی تعمیر کے لیے صدر اردوان کو بہت سی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا جس کی تعمیر کا آغاز 2017 میں ہوا تھا۔ استنبول کے تقسیم سکوئر میں یہ مسجد اپنی طرز کی ایک ہی مسجد ہے جبکہ اس کے ارد گرد عثمانی دور کی کچھ مساجد موجود ہیں۔ مسجد میں 4 ہزار لوگوں کے نماز ادا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

مسجد کو تقسیم سکوئر کے ایک کونے میں تعمیر کیا گیا جسے ہر سال لاکھوں افراد دیکھنے آتے ہیں۔ یہ مسجد اتاترک ثقافتی مرکز کے بالکل سامنے بنائی گئی ہے جس میں میوزک اوپرا ہاوس سمیت مختلف ثقافتی حصے زیر تعمیر ہیں۔ مسجد کے مغرب میں گیزی پارک ہے جو 2013 میں باغیوں کا مرکز ہوا کرتا تھا۔

تقسیم مسجد کو جدید فن تعمیر ٹاپ، ڈاؤن پر بنایا گیا ہے۔ ترکی میں اس فن تعمیر پر بننے والی پہلی مسجد ہے۔ مسجد کی عمارت تعمیر کرنے کے لیے زمین میں گہری کھدائی کی ضرورت نہیں پڑی جس سے مسجد کے اردگرد والا علاقہ بھی محفوظ رہا۔

مسجد میں ایک ثقافتی مرکز بھی بنایا گیا ہے جہاں نمائش وغیرہ کا انعقاد کیا جائے گا۔ مسجد میں عبادت کے لیے تین ہزار فٹ صحن بھی چھوڑا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کار پارکنگ کے لیے بھی جگہ مختص کی گئی ہے۔

3 منزلہ اس مسجد کا نقشہ ترکی کے دو معماروں نے بنایا جبکہ تعمیراتی کام کے لیے فنڈینگ معروف ترک تعمیراتی کمپنی کے مالکان نے کی۔
 

Advertisement