رجب طیب اردوان کا جون میں ‘استنبول کینال‘ کا سنگ بنیاد رکھنے کا اعلان

Published On 31 May,2021 08:32 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان جون میں بحیرہ اسود اور بحیرہ مرمرہ کو ملانےوالی 25 ارب ڈالر سے تعمیر ہونے والی استنبول نہر کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔

ترک میڈیا کے مطابق رجب طیب اردوان نے ترکی کے استنبول میں جملیکا ٹاور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے استنبول کینال کے افتتاح کا اعلان کیا۔ کینال پچھلے کچھ عرصے سے تنازعات کا شکار تھی جس کی وجہ سے اس کی تعمیر کا کام اب تک شروع نہیں ہو سکا ۔

صدر نے تمام ناقدین کو پس پشت ڈالتے ہوئے کہا کہ یقین ہے کہ نہر سے نا صرف جغرافیائی اور خطے میں آمد و رفت میں سہولت ہو گی بلکہ اس سے شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو گا۔

ترک صدر نے سال 2011 میں اس منصوبے کی اعلان کیا تھا جسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔ 25 ارب ڈالرز کی لاگت کے ساتھ 45 کلومیٹر طویل یہ نہر بحیرہ اسود اور بحیرہ مرمرہ کو ملائے گی۔

مختلف تنظیمیں ، این جی اوز اور تر کی کی اپوزیشن نے اس منسوبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس نہر سے استنبول میں متوقع بڑے پیمانے پر آنے والے زلزلے کا خطرہ لاحق ہو جائے گا ، سمندری حیات کو بھی نقصان پہنچے گا اس کے علاوہ استبنول میں موجود جنگل کے آخری حصہ بھی ختم ہو جائے گا۔

علاوہ ازین ترکی کے حزب اختلاف پارٹیوں کا دعوی ہے کہ حکومت نے یہ منصوبہ حکومت کے حامی کاروباری منصوبوں کو فروغ دینے کے لئے پیش کیا تھا۔
 

Advertisement